ایمز ٹی وی (راولپنڈی) جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے زیراہتمام 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کی ریلی کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ روز سید مودودی بلڈنگ میں مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم کی صدارت میں کل جماعتی اُمت رسول کانفرنس منعقد ہوئی۔ جماعتہ الدعوۃ کے امیر عبدالرحمان‘ جمعیت علماء اسلام (ف) کے ڈاکٹر ضیاء الرحمان‘ مسلم لیگ (ن) کے حاجی ظفر اقبال‘ ارشد قریشی‘ راجہ تصدق‘ پیپلز پارٹی کے ندیم اعوان‘ پی ٹی آئی کے شاہد جدون‘ انجمن شہریان کے حافظ حسین احمد‘ وحدت المسلمین کے سید علی اکبر کاظمی‘ جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبدالجلیل نقشبندی‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے صالح طاہر اور خالد عمران خالد‘ جماعت اسلامی کے سید عارف شیرازی‘ ضیاء اللہ چوہان‘ رضا احمد شاہ‘ شیخ مسعود‘ رضوان احمد‘ عثمان آکاش‘ حنیف چوہدری‘ رضا محمد‘ حاجی یار محمد‘ ہارون رشید‘ تاج محمود صدیقی‘ مفتی عبدالوکیل‘ خالد مرزا‘ جے آئی یوتھ کے بختیار الحق کیانی‘ پریم یونین کے ڈاکٹر اشتیاق عرفان‘ اسلامک لائرز موومنٹ کے عمران شفیق‘ نیشنل لیبر فیڈریشن کے محمد ایوب‘ اسلامی جمعیت طلبہ کے تصور امتیاز‘ انجمن تاجران کے ڈاکٹر نعمت اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے دل اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پوری قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں اور اجتماعات کا اہتمام کریگی۔ اس وقت کشمیر‘ شام‘ فلسطین اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے‘ افسوس کہ اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا جلد ڈوبنے اور ٹوٹنے والا ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کیلئے گورباچوف ثابت ہونگے اور امریکا ٹرمپ کے ہاتھوں 52ٹکڑوں میں تقسیم ہو گا۔ حافظ سعید پر پابندیاں امریکا کی ڈکٹیشن پر لگائی گئی ہیں۔ ایٹمی قوت امریکہ کے دبائو میں نہ آئے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ 5فرور ی کو دن 11بجے لیاقت باغ سے کمیٹی چوک تک ریلی نکالی جائیگی۔