ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ فیس بک کے ببل چیٹ کو پسند نہیں کرتے تو آپ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ بہت جلد آپ کا نیوز فیڈ کچھ زیادہ ہی میسنجر سے مشابہت اختیار کرنے والا ہے۔ جی ہاں فیس بک نے ڈیسک ٹاپ اور موبائل ایپ میں لوگوں کے کمنٹس کو ہی چیٹ ونڈو جیسی شکل دینے کے فیچر کو متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر میں صارفین کو ڈیسک ٹاپ پر ہر وقت ایک پوپ اَپ چیٹ ونڈو کا اُس وقت سامنا ہوتا ہے جب کوئی بھی فرینڈ کسی پوسٹ پر کمنٹ یا کمنٹ پر ریپلائی کرتا ہے۔
یہ فیچر گزشتہ چند روز سے آزمایا جارہا تھا مگر اب لگتا ہے کہ بتدریج اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس کے اسکرین شاٹ بھی ٹوئیٹر پر اب نظر آنے لگے ہیں جس میں یہ نیا فارمیٹ دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ فیچر ممکنہ طور پر فیس بک کی جانب سے صارفین کو اپنی پوسٹس سے انگیجمنٹ بڑھانے کا حصہ لگتا ہے۔
یہ سوشل میڈیا سائٹ اپنے صارفین کی جانب سے زیادہ سے زیادہ ذاتی مواد کی شیئرنگ اور انگیجمنٹ کی خواہش مند ہے جو کہ تیزی سے گررہی ہے۔ فیس بک کو توقع ہے کہ اگر دوستوں کے کمنٹس کسی چیٹ ونڈو کی طرح نظر آئیں تو لوگ ان پر زیادہ ریپلائی کریں گے اور اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ وہ اس سائٹ پر زیادہ وقت گزاریں گے اور آمدنی بڑھے گی۔ فیس بک کے مطابق ہم ہمیشہ اس سائٹ کو زیادہ بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی لیے ہم نیوز فیڈ پر کئی طرح کی اَپ ڈیٹس کو آزما رہے ہیں جن میں سے ایک کمنٹ کو چیٹ ونڈو کی شکل دینا بھی ہے