ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا احتساب کمیشن کو ہائیکورٹ کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے خیبر پختونوا حکومت کو مسودہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی احتساب کمیشن کی تقرری چیف جسٹس کریں گے اور احتساب کمیشن براہ راست چیف جسٹس کو جوابدہ ہوگا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ احتساب کمیشن کو حکومت مداخلت سے آزادکردیا ہے،مسودہ قانون منظوری کیلئے اسمبلی میں پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب کے موجودہ سربراہ احتساب کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے اور اسی ناکامی کیلئے انہیں عہدہ دیا گیا۔موجودہ نیب کے سربراہ کو 2 پارٹیوں کے کرپٹ لیڈرز نے ساز باز کرکے عہدے کیلئے منتخب کیا ہے۔