ھفتہ, 23 نومبر 2024


پاکستان 20 سالہ جمود توڑنے کے لیے پرعزم

ایمز ٹی وی (نیوز ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کل سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔ گرین شرٹس بیس سال بعد ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ 20 سال سے آسٹریلیا کے خلاف کسی سیریز میں کامیابی حاصل نہیں کی اور آخری مرتبہ 1994 میں کراچی ٹیسٹ میں فتح کی بدولت آسٹریلین ٹیم کے خلاف 1-0 سے سیریز اپنے نام کی تھی۔ یو اے ای میں پاکستان کے پاس تاریخ بدلنے کا سنہری موقع ہے۔

کپتان مصباح الحق کے لئے سیریز بقاء کی جنگ ہوگی، گرین شرٹس کی بولنگ لائن کمزور ہے۔ تجربہ کار آف اسپنر سعید اجمل، محمد عرفان، جنید خان اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ جبکہ پہلے ٹیسٹ میں اسپن باؤلنگ کی قیادت محض دو ٹیسٹ کھیلنے والے ذوالفقار بابر کریں گے اور ان کا ساتھ دینے کے لیے متوقع طور پر ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر یاسر شاہ موجود ہوں گے۔

بیٹنگ میں پاکستان یونس خان، محمد حفیظ سمیت سینئیر کھلاڑیوں پر انحصار کرے گا۔ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔

امید ہے کھلاڑی توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائیں گے۔ ادھرٹی ٹوئنٹی اورون ڈے میں فتح حاصل کرنے کے بعد کینگروز کے حوصلے بلند ہوں گے۔ وقاریونس

دوسری جانب دو ماہ قبل ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے والے کپتان مائیکل کلارک کی واپسی سے تقویت ملے گی جو گزشتہ سال ایک ہزار 93 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز رہے تھے۔

تاہم کلارک پاکستان اے خلاف چار روزہ میچ میں کوئی تاثر چھوڑنے میں ناکام رہے اور دونوں اننگ میں باترتیب دس اور پانچ رنز بنا سکے، اس میچ میں آسٹریلیا کو 153 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلنگ اٹیک کی قیادت مچل جانسن کریں گے جو دو ایک روزہ میچوں میں چھ وکٹیں لے کر شاندار فارم کا ثبوت دے چکے ہیں جبکہ ان کا ساتھ دینے کے لیے پیٹر سڈل موجود ہوں گے۔

ٹیسٹ سیریزمیں وائٹ واش آسٹریلیا کو آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ایک پرپہنچادے گا۔ آسٹریلوی ٹیم پہلی مرتبہ دبئی کے میدان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ پاکستانی وقت کے مطابق میچ صبح گیارہ بجے شروع ہوگا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment