ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاکستان پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے خلاف 3 اپیلیں دائر کردی ہیں، پی پی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کو ان کی عدم موجودگی میں سزائے موت سنائی جائے جبکہ بری کیے گئے پانچوں ملزمان کو بھی سزائے موت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے بینظیر بھٹو قتل کیس کے فیصلے کے خلاف 3 اپیلیں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں دائرکی گئی ہیں، ایک اپیل پرویزمشرف، دوسری رفاقت حسین اور تیسری اعتزاز شاہ کے خلاف دائرکی گئی ہے۔ تینوں اپیلیں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہیں۔
اپیلیں دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ پرویز مشرف نے بینظیر بھٹو کو دھمکیاں دی تھیں،بینظیر نے ای میل میں بھی لکھا کہ سکیورٹی خدشات ہیں ، بی بی شہید نے واضح لکھا تھا کہ اگرکچھ ہوا توذمے دار پرویزمشرف ہوگا۔بینظیر بھٹوکی سکیورٹی ختم کردی گئی تھی جس کے باعث پوائنٹ بلینک رینج سے بی بی شہیدکو گولی ماری گئی۔ اگر مشرف عدالت میں پیش نہیں ہوتے تو ان کی عدم موجودگی میں انہیں سزائے موت سنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے انسداددہشت گردی دفعات کے تحت اپیلیں دائرکی ہیں، جن ملزمان کو بری کیاگیاہے ان کوبھی سزائے موت دینے کی اپیل کی ہے۔