ھفتہ, 23 نومبر 2024


فوجی عدالت نے مزید دہشتگردوں کو تختہ وار پر لٹکا دیا

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالت سے سزا پانے والے تین دہشت گردوں کو خیبرپختونخوا کی جیل میں پھانسی دے دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے تینوں دہشت گردوں کا فوجی عدالت میں ٹرائل کیا گیا اور انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اقرار جرم بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پھانسی کی سزا پانے والے دہشت گروں میں فضل غفار، ساجد ولد ابراہیم اور بہرام شیر شامل ہے جنہیں خیبرپختونخوا کی جیل میں پھانسی دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ساجد پشاور ایئرپورٹ پر طیارے پر فائرنگ میں ملوث تھا جس کی فائرنگ سے طیارے میں بیٹھی ایک خاتون جاں بحق اور 2 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد ساجد کالعدم تنظیم کا رکن ہونے کے ساتھ پیر اسرار اور اس کے خاندان کے 8 افراد کے قتل میں بھی ملوث تھا جب کہ وہ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔
فوجی عدالت سے سزا پانے والے دیگر دہشتگردوں میں بہرام شیر اسکول تباہ کرنے اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھا جب کہ فضل غفار سے خودکش جیکٹ برآمد ہوئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گرد ساجد کے ڈیتھ وارنٹ پر 7 نومبر 2016 ، دہشت گرد بہرام کے ڈیتھ وارنٹ پر 14 جولائی 2016 اور دہشت گرد فضل غفار کے ڈیتھ وارنٹ پر 15 مارچ 2016 کو دستخط کیے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment