پیر, 25 نومبر 2024


اپوزیشن کا بل کسی صورت پاس نہ ہونے دیں

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں اپوزیشن کی جانب سے نااہل شخص کے سیاسی جماعت كے سربراہ بننے پر پابندی کا بل پیش كیا جائے گا۔ پاكستان پیپلزپارٹی كے رہنما سید نوید قمر الیکشن ایکٹ 2017 کے آرٹیکل 203 میں ترمیم کا بل منظوری كے لئے قومی اسمبلی میں پیش كریں گے۔ یہ بل ایوان بالا سینیٹ میں كثرت رائے سے پہلے ہی منظور ہوچکا ہے۔ اس بل کو ناکام بنانے کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں 167 ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار بھی شریک ہوئے جن کے پہنچنے پر ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکمراں جماعت کے ارکان قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ آج اپوزیشن کا بل کسی صورت پاس نہ ہونے دیں

۔ دوسری جانب قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پیپلزپارٹی كی پارلیمانی پارٹی كا اجلاس ہوا جس میں بل كی منظوری كی حكمت عملی طے کرلی گئی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کو قومی اسمبلی میں عددی اکثریت حاصل ہے اور وہ اپنے تمام ارکان کے حاضر ہونے کی صورت میں باآسانی بل کو ناکام بناسکتی ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے اس بل پر پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق رائے ہے جو سینیٹ کی طرح قومی اسمبلی میں بھی بل کو کامیاب بنانے کی پوری کوشش کریں گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment