ایمزٹی وی(اسلام آباد)سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب ، چیئرمین پی ٹی آئی اور بلاول بھٹوسمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم شہداکی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی، جن کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اے پی ایس کے بچو ں نےاپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے اور شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا صفایا کرکے اتارنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں نے بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کی، شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایسا سانحہ کبھی دوبارہ رونما نہ ہو اور ہماری نئی نسل اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے محفوظ طریقے سے پروان چڑھ سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'اے پی ایس سانحے کو 3 برس گزرنے کے باوجود بھی ہم متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کا انعقاد کرنے میں ناکام رہے، ہم نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں ناکام رہے، اس یقین دہانی میں بھی ناکام رہے کہ ایسا سانحہ دوبارہ رونما نہ ہو۔