ایمزٹی وی(اسلام آباد)پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھا دیا،تحریک انصاف کے وکیل نے تحریری اعتراضات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیئے ۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضاحیات کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل بابراعوان نے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن دلائل کے بعد تفصیلات نہیں طلب کر سکتا ، سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن ٹریبونل ہے نہ ہی عدالت،اس طرح کی درخواستیں سننے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس نہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ سینکڑوں کیسز میں دلائل کے بعد ریکارڈ مانگا گیا ہے، الیکشن ٹریبونلزعام انتخابات اور بلدیاتی انتخابات کیلئے قائم کئے جاتے ہیں،آپ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھجوائیں،ہم جائزہ لیں گے،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔