ایمزٹی وی(اسلام آباد)اطالوی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل والٹر جیرارڈلی کا دورہ خیرسگالی اختتام پذیر ہوگیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دورے کے پہلے مرحلے میں اطالوی نیول چیف نے نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی ۔
دورے کے آخری مرحلے میں ایڈمرل جیرارڈلی نے کراچی میں پاک بحریہ کے مختلف فیلڈ کمانڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ ایڈمرل والٹر نے مزار قائد پر حاضری دی اور مزار پر پھول بھی چڑھائے۔
ایڈمرل والٹر نے پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس ذوالفقار کا دورہ کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ رئیر ایڈمرل امجد خان نیازی بھی موجود تھے ۔
اطالوی نیول چیف نے پاکستان نیول اکیڈمی کا دورہ بھی کیا اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاک بحریہ کا کردار لائق تحسین ہے۔