اتوار, 24 نومبر 2024


امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) دفترخارجہ نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو طلب کرکے امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفترخارجہ طلب کیا اور گزشتہ روز امریکی سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کے جاں بحق ہونے پر احتجاج کیا گیا۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے طلب کیا تھا۔
سیکرٹری خارجہ نے امریکی سفیر کو بتایا کہ گزشتہ روز امریکی ملٹری اتاشی نے گاڑی سے ٹکر مار کر نوجوان کو جاں بحق جب کہ اس کے ساتھی کو زخمی کردیا، پاکستان اس حوالے سے ملکی قانون اور ویانا کنونشن کے مطابق انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے شہری کی ہلاکت اور ساتھی کے زخمی ہونے پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا اور معاملے کی تحقیقات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کی حدود میں امریکی سفارتخانے کے ملٹری اتاشی جوزف کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان عتیق جاں بحق جبکہ اس کا کزن راحیل زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس جوزف کو گرفتار کرکے تھانے لائی تھی لیکن ملزم خود کو گاڑی میں لاک کرکے فرار ہوگیا تھا۔
واقعے کی ویڈیو اور زخمی کا بیان سامنے آیا ہے جس کے مطابق امریکی سفارتکار نے سرخ سگنل توڑتے ہوئے نوجوان کو ٹکر ماری۔ زخمی راحیل نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارا اشارہ کھلا تھا، لیکن دائیں سمت سے آنے والی سفید گاڑی نے اپنا اشارہ توڑتے ہوئے ہمیں ٹکر ماری۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment