اسلام آباد : ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز ہوگیا، امیدواران آٹھ جون تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست آٹھ جون کو جاری کردی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں عام انتخابات 2018 کی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تین حلقوں کے کاغذات نامزدگی ایف ایٹ کچہری سے وصول اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔ قومی اسمبلی کی سات اور پنجاب کی پندرہ نشستوں کے کاغذات نامزدگی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں امیدواروں کی آمد جاری ہے، سٹی کورٹ کراچی سے پہلا نامزدگی فارم قومی اسمبلی کےحلقے این اے دو سو چھیالیس کیلئے ممکنہ آزاد امیدوار محمدارشاد نے حاصل کیا۔ لاہور ،کوئٹہ اور پشاور میں بھی کاغذات نامزدگی کے اجرا اور وصولی کا آغاز ہوگیا۔ کاغذات نامزدگی آٹھ جون شام چار بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں، امیدواروں کی فہرست بھی آٹھ جون کو جاری کی جائے گی، کاغذات نامزدگی کی جان پڑتال چودہ جون تک مکمل کرلی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی سے متعلق اپیلیں انیس جون تک دائر کی جاسکتی ہیں، اپیلٹ ٹریبونل چھبیس جون تک کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلے کرےگا۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست ستائیس جون کو شائع ہوگی جبکہ امیدوار اٹھائیس جون تک دستبردار ہوسکیں گے اور انتیس جون کو انتخابی نشانات الاٹ کردیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ لاہورہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو پرانا فارم بحال کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت کے مطابق مذکورہ ترمیم شدہ فارم میں آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ کو غیر مؤثر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا تھا تاہم سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔