ھفتہ, 23 نومبر 2024


اب انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حا صل ہو گا

 

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے 14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
الیکش کمیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم تا 15 ستمبر سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ نائیکوپ یا ایم آر پی رکھنے والے پاکستانیوں کو بطور ووٹر رجسٹر کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ، نادرا اور سفارت خانوں کی مدد سے آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز رجسٹرڈ کروائے جائیں گے۔
اجلاس میں سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق درخواست دائر کی تھی۔
کئی سماعتوں کے بعد سپریم کورٹ نے ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دے دی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ تجرباتی نفاذ کا مقصد یہ نہیں کہ اس کے نتائج کو نظر انداز کر دیا جائے، ضمنی انتخابات میں اوور سیز پاکستانیوں کے نتائج کو پارلیمنٹ میں بھی پیش کیا جائے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کی 14 اکتوبر تاریخ مقرر کردی ہے۔
ضمنی انتخاب کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 37 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ قومی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment