اتوار, 24 نومبر 2024


حکم نہ ماننے پر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہاتھ دھونا پڑ گیا

 

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر آئی جی اسلام آباد جان محمدکوعہدے سے ہٹا دیا گیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کوعہدے سے ہٹا کر انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جان محمد پی ایس پی (پولیس سروس آف پاکستان) کے گریڈ 20 کے افسر ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جان محمد کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کا فون اٹینڈ نہ کرنے پر عہدے سے ہٹایا گیا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینیٹر اعظم سواتی کا تنازعہ اپنے فارم ہاوٴس کے قریب خیمہ بستی میں مقیم کچھ ناپسندیدہ عناصر سے چل رہا تھا، چند روز قبل اعظم خان سواتی کے گارڈز اوران کے درمیان جھگڑا بھی ہواتھا۔ وفاقی وزیر کا ناپسندیدہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لئے آئی جی اسلام آباد پر شدید دباوٴ تھا، جس کی وجہ سے جان محمد نے اعظم سواتی کا فون اٹینڈ کرنا ہی چھوڑ دیا تھا۔

فون اٹینڈ نہ کرنے پر اعظم خان سواتی نے وزیر اعظم عمران خان کو آئی جی کے رویے کے خلاف شکایت کی اور نتیجتاً انہیں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑگیا۔ وفاقی وزیر کے ہی دباوٴ پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہفتہ وار تعطیل کے روز جان محمد کو آئی جی کے عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل آئی جی پنجاب طاہر خان کو بھی حکومت کے احکام نہ ماننے پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہے جب کہ ڈی پی او پاک پتن کا بھی خاتون اول بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کی شکایت پر راتوں رات تبادلہ کردیا گیا تھا۔

 
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment