اسلام آباد: ملک بھر میں ہائی ویز اور موٹر ویز کو موبائل ایپ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح آج ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ملک بھر کی موٹر ویز اور ہائی ویز کو موبائل ایپ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیر مملکت برائے مواصلات آج موبائل ایپلیکیشن کا افتتاح کریں گے، ملک بھر کی 12000 کلو میٹر شاہراہ کی مکمل تفصیل صرف ایک موبائل ایپ میں ملے گی۔
موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے موٹر ویز، ہائی ویز اور سی پیک کے روٹس کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں گی، موٹر وے کھلی ہے یا بند، موسم کیسا ہے، مسافر خود جان سکیں گے، اس کے علاوہ شاہراہوں کی تعمیر و مرمت سے متعلق شکایات براہ راست پہنچائی جاسکیں گی۔
موبائل ایپ پر مسافروں کو سفری سہولیات اور موٹروے پولیس کی تمام معلومات دستیاب ہوگی، این ایچ اے کے جاری اور مکمل پراجیکٹس کی تفصیلات بھی شامل ہوں گی، اس کے علاہ ٹول پلازوں اور ٹیکس سے متعلق معلومات بھی مسافروں کی پہنچ میں ہوں گی جب کہ منصوبوں میں گھپلے، خرد برد یا کرپشن کے بارے میں رپورٹ بھی کی جا سکے گی۔