اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے ملک بھر میں تعلیمی اداروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا،اساتذہ کی تربیت، وفاقی نظامت تعلیمات میں بہتری لارہے ہیں، مدرسہ اسکول، پرائیویٹ اسکول اور گورنمنٹ اسکولوں کا ایک نصاب ہو گا ۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز فیڈرل گورنمنٹ کالج فار ہوم اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنسز ایف سیون ٹو میں منعقدہ تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھاکہ خواتین کی تعلیم کے بغیر قوم آگے نہیں بڑھ سکتی ،ہماری کوشش ہے لڑکیوں کی تعلیم کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جائے جتنی لڑکوں کی تعلیم کو دی جاتی ہے ،ہم چاہتے ہیں لڑکیوں کیلئے مزید اسکول بنائیں ، ہمیں مل جل کر اس وطن کو عظیم ملک بنانا ہے ،ہم تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخل کرانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ،اسکولوں میں ایک جیسا نصاب لانا چاہتے ہیں ،ڈگریاں لینے والی طالبات ملک کی ترقی میں کر دار ادا کر یں ۔ کوئی بھی قوم خواتین کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی ، ملک کے 32 فیصد افراد لکھنا پڑھنا نہیں جانتے ، ا نہیں خواندہ بنانے کے لئے سب مل کر اپنا کردار اد اکریں۔