اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں۔
وزارت خزانہ حکام کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم واشنگٹن میں قیام کے دوران آئی ایم ایف و عالمی بینک کے اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ آئی ایم ایف حکام سے سائیڈ لائنز میٹنگز بھی کرے گی۔ اس موقع پر آئی ایم ایف سے قرضے کا نیا پروگرام لینے کے لیے حتمی مذاکرات کا شیڈول بھی طے پانے کی توقع ہے ۔
اس کے علاوہ ان سائیڈ لائنز پر میٹنگز میں آئی ایم ایف پروگرام سے قبل شرائط کو پورا کرنے سے متعلق ہونے والی پیشرفت اور وسط مدتی اکنامک فریم ورک کے تحت اقتصادی اعدادوشمار کے اہداف طے کیے جائیں گے اور اس کی منظوری لی جائے گی۔