اسلام آباد:ملک بھر میں یکم رمضان منگل 7 مئی کو ہوگا۔
رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل مفتی خالد اعجاز کا کہنا ہے کہ نیا چاند اُس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک کہ اُس کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت کم از کم 19گھنٹے اور غروبِ شمس و غروبِ قمر کا درمیانی فرق کم از کم 40منٹ ہوجائے، اس کے علاوہ چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔
مفتی خالد اعجاز نے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 3 بج کر 46 منٹ پر پیدا ہوگا، اتوار 5 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 16 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق پاکستان بھر میں کہیں بھی 29 منٹ سے زائد نہیں ہوگا لہٰذا 29 شعبان المعظم اتوار کی شام چاند دکھائی دینے کی شہادتوں کا اگر کہیں سے بھی اعلان کیا جائے گا تو وہ تمام شہادتیں جھوٹی، غیر شرعی اور سائنسی لحاظ سے ناقابلِ یقین ہوں گی۔