جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستانی مافیا ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے،وزیر اعظم

اٹلی کے سابق صدر کی خبر شئیر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی مافیا، رشوت، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دے رہا ہے۔ وزیراعظم کے بیان پر مریم اورنگزیب کا اپنے رد عمل میں کہنا تھا کہ عمران صاحب سسلیئن مافیا آپ ہیں جنھوں نے جج صاحب کو دھمکا کر ایک بے گناہ کو جیل میں ڈال دیا۔
 
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے، پاکستانی مافیا رشوت، بلیک میلنگ اور دھمکیاں دے رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، یہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع دولت کا تحفظ چاہتے ہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں اٹلی کے سابق صدر نیپلی ٹانو کے عدالتی بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اطالوی سرکاری زعما نے کس طرح ساز باز کر کے بیس سال قبل بم دھماکوں میں مافیا کا ساتھ دیا، بم دھماکے میں 21 معصوم افراد کے ساتھ مافیا مخالف جج بھی مارے گئے تھے۔
 
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں سسیلئن مافیا کا ذکر چھیڑا تو ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب سسلیئن مافیا آپ ہیں، جنھوں نے جج صاحب کو دھمکا کر ایک بے گناہ کو جیل میں ڈال دیا۔
 
مریم اورنگزیب نے اپنے ردعمل میں وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سسلئین مافیا کے سردار ہیں جو دھوکا دیتا ہے سازش اور ظلم کرتا ہے جس نے ایک منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کی اور بے گناہ کے ساتھ ظلم کیا۔
 
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سسلئین مافیا وہ ہے جس نے غریب عوام سے روزگار اور ان کے منہ سے نوالہ چھین لیا ہے۔ بائیس کروڑ عوام کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں بیچنے والے سسلئین مافیا ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment