اسلام آباد: وزیراعظم کے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ میں لاہور، پشاور اورکراچی میں نجی شراکت سے 4 نئے منصوبے زیرغور ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘ میں لاہور، پشاور اورکراچی میں نجی شراکت سے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن جوائنٹ وینچر کے تحت مزید چارمقامات پر منصوبے شروع کرے گا۔
مشترکہ منصوبے کے تحت لاہور کے دو مختلف مقامات پر 32 سو اپارٹمنٹس تعمیرکرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں لاہور کے موضع کچا میں 40 کنال پر 5 سو اپارٹمنٹس جب کہ موضع منگا اوتارہ میں 150 کنال پر 27 سو اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی تجویز ہے۔
کراچی میں 4 ہزار رہائشی یونٹس نجی شراکت سے تیار کئے جائیں گے جن میں موضع جام چکرو، منگھو پیر اور سرجانی ٹاﺅن میں 184 کنال اراضی پر تعمیراتی منصوبہ زیر غور ہے۔