راولپنڈی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز نے ایک بار پھر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے ایک جوان نے جام شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے ایل او سی پر بلا اشتعال گولہ باری کی، جس کے نتیجے میں حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے بٹل، ستوال، خنجر، نکیال اور جندروٹ سیکٹر پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی۔
پاک فوج کے ادارے نے بتایا کہ بھارتی فوج نے شہری آبادی پر مارٹر اور راکٹ فائر کیے، جب کہ فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال گولہ باری بھی کی۔
بھارتی فوج کی گولہ باری سے حوالدار منظور عباسی شہید ہو گئے، جب کہ ایک خاتون اور 2 بچیوں سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔
دوسری طرف پاک فوج نے بھی بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چوکی کو شدید نقصان پہنچا۔