اسلام آباد: ایل این جی اسکینڈل کیس میں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بدھ کے روز ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
سابق وزیر خزانہ نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی ہے جس میں مفتاح اسماعیل نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ ریفرنس دائر ہونے اور تفتیش مکمل ہونے تک قومی احتساب بیورو(نیب) کو گرفتاری سے روکا جائے۔
میڈیا کے مطابق ن لیگی رہنما نے گزشتہ ہفتے سندھ ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کرائی تھی جس میں چیئرمین نیب اور سیکرٹری وزارت قانون کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایل این جی کیس میں ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ کسی قسم کی بدعنوانی میں ملوث نہیں رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چئیرمین نیب نے ایل این جی اسکینڈل کیس میں مفتاح اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
نیب نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کوٹہ کیس میں پہلے ہی گرفتار کیا ہوا ہے۔