اسلام آباد: سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کردیا۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے رضا بشیر کو وکیل دفاع مقرر کردیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کے دفاع اور 342 کے بیان کے لئے رضا بشیر کی بطور وکیل دفاع تقرری کا نوٹی فکیشن 3 روز میں جاری کردیا جائے جب کہ رضا بشیر کو اخراجات بھی وزارت قانون ادا کرے گی۔ کیس کی آئندہ سماعت 28 اگست کو ہوگی۔
اس سے قبل جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی۔ وزارت قانون نے پرویز مشرف کے دفاع اور 342 کے بیان کیلئے 14 ناموں پر مشتمل وکلاء پینل عدالت میں جمع کروایا۔ وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم کیلئے وکیل مقرر کرنا عدالت کی صوابدید ہے، فہرست میں شامل کسی نام پر اعتراض نہیں۔