بدھ, 08 مئی 2024


پاکستان نے کلبھوشن یادیو کو کونسلر رسائی دے دی

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دے دی ہے اور اس کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے 2 گھنٹے سے زائد دورانیے کی ملاقات ہوئی ہے۔
 
ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے حاضر سروس ایجنٹ کمانڈر کلبھوشن یادیو کو بھارتی قونصلر تک رسائی دے دی ہے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کلبھوشن کی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات خفیہ مقام پر کرائی گئی۔ اس ملاقات میں پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل بھارتی امور فریحہ بگٹی بھی موجود تھیں۔
 
گزشتہ روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کو قانونی طور پر قونصلر رسائی دینے کا پابند ہے اس لیے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں کلبھوشن یادیو کو پیر کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔
 
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو کوعالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی روشنی میں قونصلر رسائی دی جا رہی ہے، کمانڈر کلبوشن یادیو پاکستان میں جاسوسی اور دہشت گردی میں ملوث ہونے پر حراست میں ہے۔
 
واضح رہے کہ 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن یادیو کی بریت اور بھارت کے حوالے کرنے سے متعلق بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی تاہم کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی فراہم کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment