جمعہ, 22 نومبر 2024


چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں

اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے امید ظاہر کی ہے کہ اضافی ٹیکسز اور شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف احتجاج کرنے والے تاجروں سے آج معاملات طے پاجائیں گے۔
 
وفاقی وزارت خزانہ میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مرکزی تنظیم تاجران کے وفد کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں تاجروں کے مطالبات پر بات چیت کی گئی۔
 
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ امید ہے آج تاجروں سے معاملات طے پاجائیں گے، ابھی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی )کے اجلاس میں جارہا ہوں جس کے بعد تاجروں سے بات چیت دوبارہ شروع ہوگی۔
حفیظ شیخ نے کہا کہ چاہتے ہیں تاجر بھی خوش ہوں اور حکومت کے مقاصد بھی پورے ہوجائیں، معاملے کو بہتر انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، تاجروں کے ساتھ بہت اچھی میٹنگ ہوئی ہے۔
 
تاجر رہنما کاشف چوہدری نے کہا کہ ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کو 1.5% سے کم کرکے 0.5% کروائیں گے، تاجروں کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے چھٹکارا دلائیں گے اور تاجروں کو ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بنانے دیں گے۔ کاشف چوہدری نے مزید کہا کہ شناختی کارڈ پر کارروائی کی شرط میں نرمی متوقع ہے، مذاکرات مثبت سمت میں جاری ہیں، تاجروں کو جلد خوشخبری دیں گے۔
 
واضح رہے کہ اضافی ٹیکسز اور شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں تاجروں کی دوسرے روز بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہوئی۔ گزشتہ روز بھی تاجر رہنماؤں کے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے ساتھ مذاکرات ہوئے تھے تاہم کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی تھی۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم تیار کرلی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment