جمعہ, 22 نومبر 2024


نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ پھرلٹک گیا

اسلام آباد: نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس منسوخ ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز وزیر قانون فروغ نسیم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جوبے نتیجہ رہا، طویل اجلاس کے بعد بھی نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ نہیں ہوسکا تھا تاہم اس بارے میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا آج اجلاس ہونا تھا جو منسوخ ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملہ  پر کابینہ کی ذیلی کمیٹی کا آج اجلاس نہیں ہوگا، ذیلی کمیٹی نے اپنی صرف سفارشات مرتب کرنا ہیں اور معاملہ کابینہ کو بھیجا جائے گا، ذیلی کمیٹی کی سفارشات پر حتمی فیصلہ کابینہ کرے گی۔

سیکرٹری صحت پنجاب مومن آغا اور نواز شریف میڈیکل بورڈ کے سربراہ  ذیلی کمیٹی  کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزارت قانون پہنچے لیکن اجلاس نہ ہونے پر واپس روانہ ہوگئے۔ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ اجلاس نہیں ہورہا، شریف خاندان کے نمائندے عطا تارڑ کا کہنا تھا کابینہ ذیلی کمیٹی کا نہ تو بایئکاٹ کیا اور نہ ہی اس میٹنگ کے لیے بلایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دینے کی منظوری دی تھی تاہم سابق وزیراعظم نے ای سی ایل سے نام نکالنے کے معاملے پر حکومتی شرائط تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment