جمعہ, 22 نومبر 2024


پاکستان سمیت دنیابھرمیں انسانی حقوق کاعالمی دن

اسلام آباد: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے 

رواں سال اس دن کی اہمیت کافی بڑھ گئی ہے کیونکہ حکومت پاکستان نے اسے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ منسلک کر دیا ہے لہٰذا اس سال پاکستان  میں انسانی حقوق کا عالمی دن کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے ، بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے اور دنیا کے سامنے بھارت کا سفاک چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے منایا جائے گا

 ٹھیک اکہتر سال پہلے دس دسمبر1948 کو پیرس میں اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے یونیورسل ڈیکلریشن کوایک قرار داد نمبر اے217منظور کیا تھا اسی لئے ہر سال دس دسمبر کو انسانی حقوق کا عالمی دن اسی کی یاد میں منایا جاتا ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ و اس کی اہمیت پر سیمینارز منعقد کئے جاتے ہیں

دوسری جنگ عظیم کے فورا بعد انسانی حقوق کی اہمیت اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس پر پہلی بار اتفاق رائے پیدا کیا گیا اور یہ تسلیم کیا گیا کہ انسانی حقوق ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور بلا امتیاز ہر انسان کو ملنے چاہیے

انسانی حقوق کے عالمی منشور کا 508زبانوں میں اس کا ترجمعہ ہو چکا ہے

2009 میں دنیا کی سب سے زیادہ زبانوں میں ترجمعہ کے ساتھ پڑھی جانے والی دستاویزات کے طور پر اس کا اندراج گنیز بک میں کیا گیا اور اس کوعالمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا

انسانی حقوق کے عالمی منشور  میں تین اہم باتوں پر زور دیا گیا ہے ان میں ایک فرد کی آزادی اور اس کی حفاظت، دوسرا عدل و انصاف اور تیسرا مساوات۔اقوام متحدہ کے ہر رکن ملک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس عالمی منشورکا احترام کرے اور اس کی روشنی میں اپنے ملک کے شہریوں کو حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے 

جن جن ممالک میں اس پر عمل درآمد کیا گیا وہاں نہ صرف انسانی حقوق کی صورتحال بہتر ہے بلکہ وہاں سماجی ،سیاسی اور معاشرتی طور بھی بہت استحکام ہے۔پاکستان ، ایران اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے اہم ترین ممالک میں شمار ہوتے ہیں ان میں سعودی عرب واحد اسلامی ملک ہے جس نے انسانی حقوق کے عالمی منشور کو ماننے سے انکار کیا ہوا ہے جب کہ باقی ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے 

اقوام متحدہ کے چارٹر میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ کچھ ایسے انسانی حقوق ہیں جو کبھی چھینے نہیں جا سکتے ہیں۔ جس میں انسانی وقار شامل ہے

انسانی حقوق کیلئے ایک دن نہیں بلکہ ہر لمحہ وقف ہونا چاہیے۔ سرکار دوعالمﷺ نے  فرمایا کہ اگر تیرا ہمسایہ بھوکا یا پیاسا رہے تو اللہ کی بارگاہ میں تیری عبادت قبول نہیں۔

 ہمیں دوسروں کو حقوق دینے کیلئے عالمی دن کا انتظار کرنے کے بجائے ہر لمحہ  انسانی حقوق کی حرمت  اور اس کے تحفظ کے  تحت گزارنا   چاہیئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment