اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں عمر ایوب کی جانب سے آصف زرداری کو مسٹر 10 پرسنٹ کہنے پر میں ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 60 سے 70 کی دہائی میں مہنگائی ہوئی، مسلم لیگ ن 30 ہزار ارب روپے تک قرضہ لے گئی جب کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے 15000 ہزار ارب روپے تک قرضہ چھوڑا۔
اسی دوران وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف زرداری کو مسٹر 10 پرسنٹ کہا جس پر پیپلزپارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور پارٹی ارکان نے عمر ایوب کی چیئر کا گھیراؤ کرکے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
پیپلز پارٹی ارکان نے ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑدیں جب کہ رہنما پیپلزپارٹی آغا رفیع اللہ حکومتی ارکان سے گتھم گتھا ہوگئے اور سابق صدر ایوب خان کے خلاف نعرے لگائے۔ ہنگامہ آرائی کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی 10 منٹ کے لیے معطل کی تاہم بعد میں اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔