ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے دستے ملک بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں اور شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ملک بھر میں پاک فوج کے دستے تعینات کیے گئے ہیں جو شہروں کے داخلی وخارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ فرائض انجام دے رہے ہیں اور وفاقی اورصوبائی انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں۔ پنجاب کے 34، سندھ کے 29، بلوچستان کے 9 ، گلگت بلتستان کے 10 اور خیبر پختون خوا کے 26 اضلاع میں فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاک فوج کوٹلی، بھمبر، میرپور، برنالہ، مظفرآباد میں بھی معاونت فراہم کررہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے 182 قرنطینہ مراکز قائم ہیں۔ تفتان قرنطینہ میں فوجی جوان، ڈاکٹرز، پیرامیڈکس انتظامیہ کی مدد کررہے ہیں جب کہ تفتان میں 600 اور چمن میں 805 افراد کے لیے قرنطینہ کیمپ بنائے جارہے ہیں۔