کراچی: حکومت پاکستان نے عالمی طرز کی سماجی رابطے کی ایپ تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ سماجی رابطہ ایپ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آئی ٹی ماہرین تیار کریں گے۔ یہ جدید سماجی رابطہ ایپ مکمل تحفظ پر مبنی ہوگی۔ اس میں مسیجز، وائس کال، ویڈیو کال سمیت دیگر تمام خصوصیات شامل ہوں گی۔ اس سماجی رابطہ ایپ کی تیاری پر بات چیت جاری ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اس سماجی رابطہ ایپ پر باقاعدہ کام شروع ہوجائے گا۔
اس حوالے سے رابطہ کرنے پر وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے میڈیاکو بتایا کہ وزارت آئی ٹی نے ملکی سطح پر عوام کی سہولت کے لیے سماجی رابطہ ایپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اسے پاکستانی آئی ٹی ماہرین تیار کریں گے، اس ایپ میں سماجی رابطوں کے حوالے سے تمام سہولیات میسر ہوں گی۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس ایپ کے ذریعے مسیجز، وائس میسج، ویڈیو کالنگ کے ساتھ سماجی رابطوں کی جدید سہولیات میسر ہوگی، اس ایپ میں ممکنہ طور پر موبائل نمبر اور شناختی کارڈ سے رجسٹریشن ہوگی، اس میں لوگوں کے ڈیٹا اور پیغامات کا مکمل تحفظ ہوگا اور صارف کی ذاتی معلومات کو بھی تحفظ حاصل ہوگا۔
امین الحق نے بتایا کہ اس رابطہ ایپ میں غیر اخلاقی مواد کو شیئر نہیں کیا جاسکے گا، یہ سماجی رابطہ ایپ تجرباتی بنیادوں پر تیار کرنے کے بعد پہلے مرحلے میں بڑے شہروں میں شروع کی جائے گی جس کے بعد اس کا دائرہ کار پورے ملک میں وسیع کردیا جائے گا، اس مرحلے کے بعد عالمی سطح پر اس سماجی رابطہ ایپ کو متعارف کرایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ایپ کو رواں برس شروع کردیا جائے، اس کی تیاری پر جلد وزارت اور مقامی آئی ٹی ماہرین کام شروع کردیں گے، یہ ایپ وزارت آئی ٹی کے ماتحت ہوگی۔