وفاقی کابینہ نے پہلی کلاؤڈ پالیسی اور ذاتی ڈیٹا کی حفاظت کا بل منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل دنیا سے خود کو ہم آہنگ کرنے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے پہلی کلاؤڈ پالیسی اور پرسنل ڈیٹا کی حفاظت سے متعلق بل تیار کر کے وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا، جسے کابینہ نے منظور کرلیاہے
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا کہ اہم ترین بل اور پالیسی کی منظوری پر وزیراعظم اور کابینہ اراکین کے شکر گزار ہیں، پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد قانون بن جائے گا۔ بل کامقصد شہریوں، سرکاری ونجی اداروں کے آن لائن ڈیٹا کی پرائیویسی یقینی بنانا ہے جبکہ تمام متعلقہ ادارے ڈیٹا، خدمات اورسسٹم کی سائبر سیکیورٹی سےہم آہنگی یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ فرسٹ پالیسی وفاقی وزارتوں، محکموں، خودمختار اداروں کا احاطہ کرے گی، وزارتوں و اداروں کے مختلف ڈیٹا سینٹرز پربھاری اخراجات اوراپ گریڈیشن کا عمل مشکل ہوتا ہے، وفاقی وزارتوں اورمحکموں کےڈیٹا سینٹرزمطلوبہ تقاضوں سےآراستہ کلاؤڈزپرمرحلہ وارمنتقل ہوں گے۔
سید امین الحق کا کہنا تھا کہ کلاؤڈ آفس، کلاؤڈ سروس پرووائیڈرزکی ایکریڈیشن، کوالٹی، سیکیورٹی اور محکمانہ آئی ٹی امور کی نگرانی کرے گا، کلاؤڈ ایکوزیشن آفس مختلف اداروں کو کلاؤڈسروسنگ کے حصول میں معاونت فراہم کرے گا۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان سے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق ، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشنز کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔