جمعہ, 22 نومبر 2024


ترقیاتی منصوبے 2018ءتک مکمل کرلئےجائیں گے،وزیراعظم

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے 2018ءتک مکمل کر لئے جائیں گے جس کے باعث بجلی کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا، پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کیلئے خلوص نیت سے کام کر رہے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان جن مشکلات سے دو چار ہے وہ ایک دن میں حل نہیں ہو سکتیں، ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے مسئلے کو حل ہونے میں چند سال لگیں گے یہ ایسا مسئلہ نہیں راتوں رات ختم ہو جائے، بجلی بحران پچھلے 23 سالوں کی غفلت کا نتیجہ ہے اور اسے ٹھیک ہونے میں بھی وقت درکار ہو گا تاہم ہمیں امید ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے یہ مسئلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گا۔اس موقع پر انہوں نے چند ہفتوں میں کراچی لاہور موٹروے پر کام شروع کرنے کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ یہ اسی معیار کی ہو گی جو اس وقت پاکستان میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کے مسائل پر توجہ دی ہوتی تو آج یہ مشکلات پیدا نہ ہوتیں لیکن ہم نے پاکستان کے اندر ایک کو نکال کر دوسرے کو لا بٹھایا اور اندر میوزیکل چیئر چلتی رہی تاہم اب پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو سکتا اور عوام نے سوچ سمجھ کر ووٹ دیا ہے، سب کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی ترقی کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہئے کیونکہ یہ پاکستان تقدیر کے ساتھ کھیلنے کا وقت نہیں ہے،وزیراعظم نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا اور 98 روپے تک لائے لیکن دھرنوں کا تماشا لگنے کے بعد ڈالر کی قیمت 104 روپے تک پہنچ گئی ہے تاہم حکومت اب بھی ڈالر کی قیمت کو نیچے لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment