یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈکیلیے تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں.پریڈ وینیو شکرپڑیاں پر تینوں مسلح افواج سمیت مختلف اداروں نے ریہرسل میں حصہ لیا۔حصہ لینے والوں میں پاکستان آرمی ، نیوی ، پی اے ایف ، فرنٹیئر کور،ناردن لائٹ انفنٹری ، مجاہد فورس، اسلام آباد فورس، تینوں افواج کی لیڈی آفیسرز ، تینوں افواج کی نرسنگ سروس ، گرلز گائیڈ ، بوائز اسکاؤٹس ، تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروس گروپ ، آرمڈ کور، آرٹیلری ، آرمی ایئر ڈیفنس ، سگنلز انجینئرز ، آرمی اسٹریٹجک فورس کمان، کیمل بینڈ اور پریذیڈنٹ باڈی گارڈ نے شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم پاکستان (23 مارچ) کی پریڈ کی تیاریاں پاکستان کی تاریخ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے مسلح افواج کی یوم پاکستان پریڈاسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ سفر کرنیوالوں کی سہولت کیلیے 21 مارچ کو فل ڈریس ریہرسل اور 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں ٹریفک پلان کی تشہیرالیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے کی جائے گی۔