ایمزٹی وی(اسلام آباد) حکومت اور اپوزیشن مشترکہ ٹی او آرز کے لئے بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی بنانے پرمتفق ہو گئے۔ کمیٹی کا کوئی سربراہ نہیں ہو گا۔ ایم کیو ایم کوکمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی صدارت میں حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ پاناما لیکس الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام اور مشترکہ ٹی او آرز تشکیل دینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر اتفاق ہو گیا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں قرارداد کے ذریعے کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا جائے گا۔ کمیٹی میں 6 حکومت جبکہ 6 اپوزیشن کے ارکان ہونگے۔ وزراءنے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کمیٹی دو ہفتے میں کام مکمل کرے گی۔ اپوزیشن رہنماوں کا کہنا تھا کہ اگر مشترکہ ٹی او آرز پر اتفاق ہو گیا تو حکومت چیف جسٹس کو نئے ٹی او آرز بھجوائے گی۔ خورشید شاہ نے دھمکی دی کہ معاملہ پارلیمنٹ میں حل نہ ہوا تو سڑکوں پر بھی آ سکتے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں اعتزاز احسن، شاہ محمود قریشی، الیاس بلور، آفتاب شیرپاو، صاحبزادہ طارق اللہ اور طارق بشیر چیمہ شامل ہیں جبکہ حکومت نے بھی اتحادیوں کی مشاورت سے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔
Leave a comment