ھفتہ, 23 نومبر 2024


کلبھوشن کےحوالےسےایران کا جواب آگیا

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ایران نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کے خط کا جواب دے دیا جب کہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کوئی بھی تیسرا ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی سے ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات اورسیکیورٹی سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ میں پیش رفت کا جائزہ اورخطے میں پائی جانے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی سفیر نے بھارتی ایجنٹ کل بھوشن یادیو کے سلسلے میں پاکستان کی طرف سے حکومتِ ایران کو لکھے گئے مراسلے کا باضابطہ جواب بھی وزیرِداخلہ کے حوالے کیا۔ ایرانی سفیر سے ملاقات میں چوہدری نثار نے دونوں ملکوں کے مابین سرحدوں کی نگرانی اور معلومات کے بروقت تبادلے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا جب کہ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تیسرا ملک ایران اور پاکستان کے تعلقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ اور بھارت کے حاضر سروس نیوی کے آفیسر کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی ایجنٹ کی بلوچستان میں گرفتاری کے بعد تفتیش سے معلوم ہوا کہ وہ ایران کے علاقے چاہ بہارمیں مقیم تھا جس پر وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کلبھوشن یادیو کی ایران میں موجودگی اورسرگرمیوں کے حوالے سے ایران کو خط لکھا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment