ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) صدرآزادکشمیرکے انتخاب کے لیے پولنگ آج صبح 10 بجےآزادجموں وکشمیر قانون سا زاسمبلی کے لاجنگ ہال میں ہو گی ۔ صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی زیر صدارت آزادکشمیر اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں آزاد ریاست جموں وکشمیر کے نئے صدر کا انتخاب ہو گا۔ حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے سابق سفارت کارمسعود خان جبکہ پیپلز پارٹی نے سابق وزیر خزانہ اورپارٹی کے جنرل سیکریٹری چودھری لطیف اکبرکو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے ۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 49 میں سے 48 جبکہ کشمیر کونسل کے 7 اراکین صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں گے ۔ آزادجموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن تو منتخب ہوچکے ہیں لیکن اب تک حلف نہیں اٹھایا ۔ انھوں نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ اوراس موقع پر سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔