ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان کی زیر صدارت یوم تاسیس اور یوم سیاہ کے انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر صنعت وسماجی بہبود نورین عارف، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی،ممبران اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان،چوہدری شہزادمحمود، مصطفی بشیر عباسی ،انسپکٹر جنرل پولیس بشیر میمن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو احسان خالد کیانی سمیت دیگر نے شرکت کی اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میرنے یوم تاسیس اور یوم سیاہ کے انتظامات کے بارے میں وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم راجہ فاروق حید رخان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایشو آر پار کی قیادت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ، کشمیریوں کو تنہائی کا احساس نہیں ہونے دینگے ، تحریک آزاد ی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت ہر بین الاقوامی فورم کا دروازہ کھٹکھٹائے گی ، بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے ۔جموں وکشمیر لبریشن سیل کو مزید متحرک وفعال بنایا جائے گا۔
جموں وکشمیر لبریشن سیل مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کاوشیں کرے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو دنیا کا فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے ۔ بھارت پر پریشر بڑھتا جارہا ہے اب بھارت کے اندر سے بھی کشمیریوں کی حمایت کے لیے آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔ کشمیری شہداء کا لہو رنگ لا کر رہے گا۔
وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کشمیر ایشو کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جرات مندانہ خطاب کیا ۔ جس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک کو نیا جوش و ولولہ ملا ۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی حکمران پاکستان کے عدم استحکام کی سازشوں میں ملوث ہیں ۔مگر بھارتی حکمرانوں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق پاکستان ترقی کی منازل طے کر ے گا۔