ایمز ٹی وی(خیبر پختونخوا) خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں کچہری کے قریب تین دھماکے سنے گئے، عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کے بعد فائرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، دھماکوں میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
تحریک انصا ف کے رہنما شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ دھماکے شدید نوعیت کے تھے جن کے نتیجے میں شہادتوں کا بھی خدشہ ہے ۔ادھر صوبائی وزیر صحت شہرام ترکی کا کہنا ہے کہ پشاور اور چارسدہ کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات مکمل ہیں ۔
تفصیل کے مطابق چار سدہ کے علاقے تنگی کے قریب ضلع کچہر ی کے گیٹ پر یکے بعد دیگر دو دھماکے ہو گئے جن کی وجہ سے متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔دھماکے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،ضلع بھر کی نفری کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
زرائع کے مطابق دھماکہ خود کش حملہ آور نے کیا ۔ دو خود کش حملہ آور ضلع کچہری کے گیٹ پر آئے جن میں سے ایک دہشت گرد کو سیکیورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کیا جبکہ دوسرے خود کش حملہ آور نے کچہری میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔