ایمزٹی وی(پشاور)پشاور کی جامع مسجد قاسم کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا ۔پہلی تراویح بھی ادا کردی گئی.
تفصیلات کے مطابق رات گئے پشاور کی جامع مسجد قاسم میں مفتی شہاب الدین نے رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہادت شرعی کی بنیاد پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے کو یکم رمضان المبارک ہوگا۔ اس اعلان کے بعد خیبر پختونخواہ کے شہری گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ، مساجد میں پہلی نماز تروایح کے بعد شہریوں کی قلیل تعدا د نے مساجد کا رخ کیا۔
جامعہ مسجد قاسم میں پہلی تراویح کی نماز میں ڈیڑھ صف بھی پوری نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ جامع مسجد قاسم کے منتظمین کی جانب سے گواہوں کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں اور نہ ہی ان کے رابطہ نمبرز دئیے گئے ۔
واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم رمضان المبارک اتوار کو ہوگا۔