ایمزٹی وی(لوئردیر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ اور لندن کے بینکوں میں رکھی عوام کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے۔
لوئردیر کے علاقے چک درہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ نواز شریف کو سیدھا جیل بھیجنا چاہیے تھا،حکمرانوں کے پاس عوام کے لیے کوئی پالیسی نہیں ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کو جب حکومت کرنے کا موقع ملا، انہوں نے اپنی جیبیں بھریں،نواز شریف نے 4 مرتبہ امریکا کا دورہ کیا لیکن عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پاکستان جس نظام کے لیے بنا تھا گزشتہ 70 سالوں میں وہ نظام نافذ نہیں ہوسکا۔سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ نے تہذیب، سیاست اور جمہوریت پر قبضہ کیا اور ہمارے کلچر اور تہذیب کو برباد کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبر دار کیا کہ پاکستانی عوام کا سرصرف اللہ تعالی کے سامنے جھکتا ہے ۔