ایمز ٹی وی (پشاور) قومی اسمبلی کےحلقہ این اے 4 پشاورمیں ضمنی انتخاب کے لئے کل پولنگ ہوگی۔ سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پاک فوج کی نگرانی میں انتخابی مواد آج متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچایا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی گلزار خان کی وفات سے خالی ہونے والی نشست این اے 4 پشاور میں ضمنی انتخاب کے لیے انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہو گئی، جس کے بعد سیاسی جلسوں اور کارنر میٹنگز پر پاپندی عائد ہو گئی۔ اس حلقے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے ناصر موسیٰ زئی ،پی ٹی آئی کے ارباب عامرایوب، پی پی پی کے اسد گلزار اور اے این پی سے خوشدل خان سمیت 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔
انتخابی مواد آج پاک فوج کی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنوں میں پہنچایا جائے گا۔ این اے 4 میں ووٹرز کی تعداد تین لاکھ97 ہزار 904 ہے جن میں دو لاکھ35 ہزار 164 مرد جبکہ ایک لاکھ 62 ہزار 740 خواتین ووٹرز ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق ضمنی الیکشن کے لئے 7 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
ضمنی انتخاب کے لیے 269 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔ان میں 147 مرد وں ،111 خواتین اور 11 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز ہیں جبکہ 492 مردانہ اور 345 زنانہ پولنگ بوتھ قائم کیئے گئے ہیں۔