ایمزٹی وی(پشاور)قبائلی مشران اور سیاسی رہنماﺅں پر مشتمل فاٹا گرینڈ الائنس نے قبائلی علاقوں کو علیحدہ صوبہ بنانے کےلئے باقاعدہ تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز نشتر ہال پشاور میں فاٹاگرینڈ الائنس کے زیراہتمام قبائل صوبہ تحریک کے نام پر گرینڈ قبائلی جرگہ کا انعقاد کیاگیاجس میں فاٹا گرینڈ الائنس کے سربراہ ملک خان مرجان، ملک سید جمال، سابق سفیرایازوزیر، بریگیڈیر ریٹائرڈ سید نذیر مہمند، ملک حبیب اورکزئی، ملک نائب خان سمیت تما م ایجنسیوں کے مشران، سیاستدان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی.
جرگہ سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھاکہ اگر گلگت بلتستان کو صوبہ جیسی حیثیت مل سکتی ہے تو فاٹا کو کیوں نہیں جبکہ افسوس کی بات یہ ہے کہ بندوبستی علا قوں کے سیاست دان قبائل کی تقدیر کو بدلنے کی کو شش کر رہے ہیں جو کہ اپنے مقصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوںگے۔