اسکردو: مردان اور پشاور میں طوفانی بارش اورژالہ باری سے تباہی مچ گئی۔چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے 4افراد سمیت 5 افرد ملبے تلے دب کرجاں بحق اور 3زخمی ہو گئے۔
ضلع مردان کے علاقوں شکر تنگی ساولڈھیر اور مضافات میں طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی۔ چیچاڑ پرش میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 27سالہ ذاکر حسین،ان کی اہلیہ اور 3سالہ 2 جڑواں بچے عبد الصمد اور سپنا شامل ہیں۔بارش سے مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو گیااور کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔
ادھر پشاور کے علاقے گدر میں چھت گرنے سے 70سالہ قلندر شاہ جاں بحق اور ان کا 18سالہ نواسہ حمزہ شدید زخمی ہوگیا۔سکردو میں سیاحتی مقام دیوسائی میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے جس سے اسکردو اور گردونواح کا موسم مزید سرد ہو گیا ہے ۔موسم کی مناسبت سے سیاحوں کیلئے 15اکتوبر سے دیوسائی کا راستہ بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے خانہ بدوشوں کو مال مویشی کے ساتھ دیو سائی سے واپسی کا اشارہ بھی دیا گیا۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک اور سسٹم ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے ۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق یہ سسٹم ملک کے شمالی حصوں سمیت سندھ میں بارش برسائے گا جبکہ بلوچستان کے 80 فیصد علاقوں میں اچھی بارشیں متوقع ہیں۔ شہر قائد میں 4 اور 5اکتوبر کو ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں (آج) بدھ کو کہیں کہیں جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔خیبرپختو نخوا ،جنوبی پنجاب اورآزادکشمیر کے بعض اضلاع، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ بالائی/وسطی پنجاب،بالائی سندھ کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔