جمعہ, 22 نومبر 2024


ہم سانحہ اے پی ایس کبھی نہیں بھول سکتے، آرمی چیف

بطور قوم ہم نے دہشت گردی کو شکست دی.جنرل قمر جاوید باجوہ

 کراچی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو ہم کبھی نہیں بھول سکتے ، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا ہے ،بطور قوم ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے ۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے 5 برس گزرنے پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کو کبھی نہیں بھلایا جائے گا،  حملے میں موجود پانچ دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکایا جاچکا ہے، دہشت گردی کو ناکام بنانے کے لیے بطور قوم ہم نے طویل جدوجہد کی ہے۔  

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں دیرپا امن اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا،  ہم سانحہ اے پی ایس کے شہداء اور اُن کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، یاد رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر  ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں طلباء ، اساتذہ اور عملے کے ارکان سمیت 150 افراد شہید  ہوئے تھے۔ 2014 میں دہشت گردوں کی علم کے چراغ بجھانے کی کوشش ناکام ہوئی اور ڈیڑھ سو کے قریب طلباء اور اساتذہ  نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے  قوم کو متحد کیا۔

اے پی ایس پر لگے زخم نے حکومت وقت کو نیشنل ایکشن پلان ترتیب دینے اور کاﺅنٹر ٹیررازم اتھارٹی کو از سر نو فعال کرنے جیسے اقدامات اٹھانے پر مجبور کیا. انہی اقدامات کے نتیجے میں دہشت گردوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے فوجی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا گیا، بلاشبہ اے پی ایس کے 132 بچوں سمیت 150 فرزندان وطن نے اپنے لہو سے وہ شمع روشن کی جس کی لو آج بھی تازہ و غیر متزلزل ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment