ایمزٹی وی(پشاور) یکم جون 2016 کے بعد طورخم سے پاکستان آنے والے افغان شہری پاکستان کا ویزا لیے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے،راہداری پرمٹ بھی صرف پاکستان میں سرحدی علاقے سے ملحق 20 کلو میٹر کے اندر شنواری قبائل کو جاری کیا جائے گا جس کے تحت وہ افغانستان جا سکیں گے اور افغانستان کے شنواری قبائل پاکستان آ سکیں گے تاہم بعد میں انھیں بھی پاسپورٹ اور ویزے کا پابند کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ یکم جون کے بعد بغیر پاسپورٹ اور ویزے کے کوئی بھی افغان شہری پاکستان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔4 کلومیٹرکے علاقے میں انٹر نیشنل بارڈر کے بین الاقوامی قواعد و ضوابط کے مطابق امیگریشن کے بعد ہی کسی کو پاکستان میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ویزے کے بغیر پاکستان میں داخل ہونے والوں کو مروجہ قوانین کے مطابق واپس بھیج دیا جائے گا۔