ھفتہ, 23 نومبر 2024


طورخم بارڈر پر لمبی قطاریں لگ گئیں

ایمزٹی وی(لنڈی کوتل) پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث بند ہونے والا طورخم بارڈر ساتویں روز ہرقسم کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا ہے تاہم بغیر دستاویزات کے آنے والے افغان باشندوں کے پاکستان میں داخلے پر پابندی عائد ہے۔ زرائع کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پاک افغان حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد آج طورخم بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ طورخم بارڈر کے کھلتے ہی سرحد کے دونوں اطراف وطن واپسی کے منتظر افراد کی لمبی قطاریں لگ گئیں جب کہ گزشتہ کئی روز سے بند ٹریڈ ٹرانزٹ کی آمدورفت بھی آج شروع ہو جائے گی۔ طورخم بارڈر پر سفری دستاویزات کی چیکنگ کے بعد امیگریشن حکام کی جانب سے وطن واپس جانے والوں کو ویزے جاری کئے جائیں گے۔ پاکستان اور افغانستان کے حکام کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کشیدگی کے دوران شہید ہونے والے پاکستان کے میجر علی جواد چنگیزی کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے باعث علاقے میں نافذ کیا گیا کرفیو بھی ختم کردیا گیا ہے جس کے بعد لنڈی کوتل کے بازار کھل گئے ہیں اور معملات زندگی بحال ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ طورخم بارڈر پر گیٹ لگانے کے معاملے پر گزشتہ اتوار کو پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان کشیدگی پیدا ہو گئی تھی اور افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کے میجر علی جواد چنگیزی شہید جب کہ 10 اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment