ایمزٹی وی(لاہور) بوتلوں کو باقاعدگی سے نہ دھویا جائے تو ان میں موجود بیکٹیریا ہمیں بیماری میں مبتلا بھی کرسکتے ہیں
ہم میں سے ہر شخص پانی کی جادوئی خصوصیات سے واقف ہے ۔ یہ نہ صرف ہماری پیاس بجھاتا ہے بلکہ ہماری صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے
لیکن اگر آپ پلاسٹک کی پرانی بوتل کو پانی پینے کے لیے استعمال کر رہے ہیں ، تو یاد رہے کہ یہ پانی آپ کو فائدہ کی بجائے نقصان پہنچا رہا ہے ۔ معروف بھارتی اخبار، ٹائمز آف انڈیا کے مطابق " ٹریڈ میل ریویوز " کی جانب سے کی گئی ایک نئی ریسرچ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پلاسٹک کی استعمال شدہ بوتل سے پیا جانے والا پانی اس قدر خراب ہوتا ہے کہ جیسے آپ ٹوائلٹ کی سیٹ کو چاٹ رہے ہوں
بھارتی اخبار کے مطابق ریسرچ کے دوران محققین نے مختلف ایتھلیٹس کی جانب سے استعمال کی گئی چار اقسام کی بوتلوں کی جانچ پڑتال کی ۔ یہ بوتلیں بغیر دھوئے ایک ہفتے تک استعمال کی گئی تھیں ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پانی پینے کے لیے دوبارہ استعمال کی جانے والی پلاسٹک کی بوتلوں میں ایک اوسط ٹوائلٹ سیٹ، پالتو جانور کے پیالے یا کچن سنک سے زیادہ بیکٹیریا پائے جاتے ہیں
ریسرچرز کے مطابق بوتلوں کو باقاعدگی سے نہ دھونے کی وجہ سے ان میں جراثیم کا اضافہ ہوتا ہے اور ان بوتلوں پر موجود 60 فیصد سے زائد بیکٹیریا ہمیں بیمار کر سکتے ہیں ۔ ماہرین کے مطابق پانی پینے کے لیے صاف ترین بوتلوں میں زنگ سے پاک سٹیل کی بوتلیں سب سے زیادہ صحت مندانہ انتخاب ہیں