ایمز ٹی وی(کراچی) عمران خان نے سندھ پولیس کے معاملات میں وزیراعظم کی سیاسی مداخلت پر تشویش کا اظہارکردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں ایس ایس پی راؤ انوار کی جانب سے ایم کیو ایم کے رہنما کی گرفتاری کو سیاست کا شکار کر دیا گیا، وزیر اعظم کے احکامات پر مرکزی حکومت نے ایم کیو ایم رہنما کی رہائی اور ایس ایس پی کی معطلی کیلئے مداخلت کی۔
انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر اپنے فرائض کی بجا آوری کرنے والے پولیس آفیسر کو وزیراعلیٰ سندھ کے ذریعے اسکے عہدے سے معطل کیاگیا۔
پولیس کے ہاتھوں خواجہ اظہار گرفتار، ایس ایس پی راؤ انوار معطل
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاناما تحقیقات سے بچنے کیلئے وزیراعظم پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کی خوشامد میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کو سندھ پولیس نے ساڑھے پانچ گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا تھا، واقعہ کے فوری بعد وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کردیا۔