ایمز ٹی وی(لاہور) چیئرمین پیمرا ابصار عالم کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پرلاہور ہائی کورٹ نے تعیناتی کے متعلق تمام ریکارڈ طلب کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق لاہور ہائی کورٹ میں آج پیمراکے چیئرمین ابصار عالم کی تعیناتی سے متعلق دائر درخواست پر جسٹس قاسم خان نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار منیر احمد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قوانین کے تحت چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لیے کم ازکم تعلیمی قابلیت پوسٹ گریجویٹ مقرر ہے۔
وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر ابصار عالم کو اہلیت پر پورا نہ اترنے کے باوجود میرٹ کے برعکس عارضی طور پر اس عہدے پر تعینات کردیا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیمرا کے عہدے پر عارضی تعیناتی قوانین کے برعکس ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے اور قوانین کی روشنی میں حکومت اس عہدے پر میرٹ پر پورا اترنے والے امیدوار کو ہی پیمرا کے چیئرمین کے طور پر مستقل بنیادوں پر تعینات کرسکتی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق حکومت ابصار عالم کی میرٹ کے برعکس تعیناتی کے ذریعے من پسند اداروں کو ڈی ٹی ایچ لائسنس فراہم کرنا چاہتی ہے۔عدالت تعیناتی کو کالعدم قرار دے اور قانون کے مطابق میرٹ پر پورا اترنے والے شخص کو تعینات کرے۔
عدالت نے چیئرمین پیمراکی تعیناتی کے حوالے سے دیے گئےاشتہارات،امیدواروں کی درخواستیں اور شارٹ لسٹ سمیت تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزید سماعت 23 نومبر تک ملتوی کردی