ایمزٹی وی(ڈیرہ غازی خان)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جب کہ 3 تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ملتان (سی ٹی ڈی) نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے سخی سرور روڈ پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو علاقے میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کےبعد دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ ان کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں نے یوم عاشور پر شجاع آباد اور ملتان میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا تھا تاہم حساس اداروں کی رپورٹ پر جب سیکیورٹی ایجنسیز نے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو دہشت گردوں نے اپنا مقام تبدیل کرلیا اور ڈی جی خان منتقل ہوگئے۔ نمائندہ کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیرہ غازی خان میں اہم ایٹمی تنصیبات، کینٹ ایریا، رینجرز ہیڈ کوارٹرز اور پولیس کے دفاتر کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنارکھا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے ہے جو علاقے میں اپنا نیٹ ورک قائم کرنا چاہتے تھے، دہشت گردوں کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا ہے جب کہ ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
سی ٹی ڈی کی کارروائی8 دہشت گرد ہلاک
Leave a comment